وزیراعظم کا طلبہ و بیروزگاروں کو مفت الیکٹرک بائیکس، رکشے اور لوڈر دینے کا اعلان

(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہونہار طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کے لیے مفت الیکٹرک بائیکس، رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی کارکردگی کو سراہنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ وفاقی حکومت، وفاق سمیت تمام صوبائی تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کرے۔ اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 1 لاکھ الیکٹرک بائیکس اور 3 ہزار الیکٹرک رکشے و لوڈرز تقسیم کیے جائیں گے۔ خصوصی طور پر فیڈرل بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز اور بیروزگار افراد کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، چیف کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس منصوبے پر مشاورت کرتے ہوئے عوامی آگاہی مہم، صنعتی ایکوسسٹم کی تشکیل، اور وہیکلز کے معیار و سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے اس اسکیم میں خواتین کے لیے 25 فیصد جبکہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 10 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی ہدایت کی تاکہ سماجی انصاف اور علاقائی توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ الیکٹرک وہیکلز سے نہ صرف ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ ساتھ ہی اس اسکیم سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا اور حکومت صنعتی مینوفیکچرنگ و مینٹیننس کے لیے جامع ایکوسسٹم تشکیل دے گی تاکہ صارفین کو معیاری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: پونچھ دریا میں طغیانی کا خدشہ: مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ الیکٹرک وہیکل اسکیم کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے اور عوام کو تمام تفصیلات شفاف انداز میں مہیا کی جائیں۔

Scroll to Top