لیووتھائر وکسن (Levothyroxine) کی خوراک اور استعمال کا درست طریقہ، انٹرنل میڈیسن اسپیشلسٹ ڈاکٹر سید شوکت بخاری نے رہنما ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انٹرنل میڈیسن کے ماہر ڈاکٹر سید شوکت بخاری کے مطابق تائرائیڈ ہارمون کی کمی کے مریضوں کے لیےلیووتھائر وکسن (Levothyroxine) کا درست استعمال نہایت اہم ہے کیونکہ اس دوا کا براہِ راست تعلق جسم کے میٹابولزم اور مجموعی صحت سے ہوتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس دوا کی خوراک ہر مریض کی عمر، وزن اور دل کی صحت کے مطابق مختلف ہوتی ہے:
عام بالغ افراد (50 سال سے کم عمر اور دل کے مریض نہ ہوں)
• تجویز کردہ ابتدائی خوراک:
1.6 مائیکرو گرام فی کلوگرام وزن کے مطابق دی جاتی ہے۔
• مثال کے طور پر اگر کسی شخص کا وزن 60 کلوگرام ہو تو اسے تقریباً 100 مائیکروگرام روزانہ کی خوراک دی جاتی ہے۔
بزرگ افراد (50 سال سے زائد یا دل کی بیماری والے مریض)
• ان افراد میں دوا کی شروعات 25 سے 50 مائیکروگرام روزانہ سے کی جاتی ہے
• خوراک آہستہ آہستہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق بڑھائی جاتی ہے تاکہ دل پر دباؤ نہ پڑے۔
دوا لینے کا صحیح طریقہ:
• روزانہ صبح خالی پیٹ صرف پانی کے ساتھ دوا لیں۔
• دوا لینے کے بعد 60 منٹ تک کچھ نہ کھائیں یا پئیں، خصوصاً دودھ، چائے، یا ناشتہ۔
• آئرن، کیلشیم، سویا یا انڈے والے کھانے کم از کم 4 گھنٹے بعد استعمال کریں، کیونکہ یہ اجزاء دوا کے جذب میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔
تھائرائیڈ ٹیسٹ کب کروانا چاہیئے؟
نئی دوا شروع کرنے کے بعد:
• 6 سے 8 ہفتے بعد TSH اور Free T4 ٹیسٹ کروانا ضروری ہے۔
جب خوراک مستحکم ہو جائے:
• اس کے بعد ہر 6 سے 12 ماہ میں TSH ٹیسٹ کروایا جائے تاکہ دوا کی افادیت اور تائرائیڈ کی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔
ڈاکٹر سید شوکت بخاری نے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ دوا کی خوراک میں کسی بھی قسم کی تبدیلی خود نہ کریں اور ہر مرتبہ ماہر ڈاکٹر سے مشورہ ضرور لیں تاکہ صحت پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔