مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)حکومتِ آزادکشمیر کی مشیر برائے سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن، چیئرپرسن وویمن پارلیمانی کاکس اور ممبر نیشنل کونسل آن دی سٹیٹس آف ویمن نثارہ عباسی نے انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر، رانا عبدالجبار سے اہم ملاقات کی ۔
ملاقات میں خواتین کو درپیش مسائل خصوصاً ہراسگی، گھریلو تشدد اور سوشل میڈیا پر ہراسانی جیسے حساس امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفرآباد، ریاض حیدر بخاری بھی موجود تھے ۔ نثارہ عباسی نے کہا کہ خواتین کے خلاف ہراسگی کے واقعات پر پولیس کو فوری اور شفاف تحقیقات کے ذریعے سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے ۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی کارکن ہوں،مجھ پرکوئی پابندی نہیں،نثارہ عباسی نے الیکشن لڑنے کا عندیہ دیدیا
انہوں نے زور دیا کہ خواتین کے لیے ایک محفوظ، باعزت اور سازگار ورکنگ ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے حالیہ ہراسگی کے کیسز میں پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور وویمن پارلیمانی کاکس اس سلسلے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔
مشیر حکومت نے بتایا کہ خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے اور ان میں شعور بیدار کرنے کے لیے ایک بڑے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، جس میں خواتین کو یہ سکھایا جائے گا کہ وہ کسی بھی قسم کی ہراسگی یا تشدد کی صورت میں کہاں ، کیسے اور کن پلیٹ فارمز پر آواز بلند کر سکتی ہیں اور قانونی تحفظ حاصل کر سکتی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: انسانیت کی خدمت مشن،سماجی کاموں میں حصہ لینے والا ہر شخص قابل فخر ہے، نثارہ عباسی
انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ خواتین سے متعلق حساس معاملات خصوصاً ہراسگی کی شکایات کی تفتیش کے لیے خواتین پولیس افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ متاثرہ خواتین بلا جھجک اور آزادی سے اپنا مؤقف بیان کر سکیں ۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار نے یقین دہانی کروائی کہ خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی سہولت کے لیے ویمن رپورٹنگ سینٹر قائم کیا جا رہا ہے جہاں وہ آسانی سے اپنی شکایات درج کروا سکیں گی ۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ خواتین کی ہراسگی میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی ۔