چکار (کشمیر ڈیجیٹل ) جہلم ویلی کی تحصیل چکار میں تمرال موڑ کے مقام پر آج دوپہر اسلامیہ پبلک اسکول چکار کی ہائی ایس وین افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تقریباً 29 طلباء و طالبات زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ دوپہر 2 بج کر 35 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب اسکول وین بچوں کو واپس گھروں کو لے جا رہی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد 16 زخمی بچوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال چکار، اور 13 کو ڈی ایچ کیو اسپتال ہٹیاں بالا منتقل کیا گیا۔ ہٹیاں بالا میں فرسٹ ایڈ کے بعد تین بچوں کو ان کی تشویشناک حالت کے باعث سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کر دیا گیا ہے۔
پولیس تھانہ چکار نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اگرچہ حادثے کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق تیز رفتاری اور سڑک پر پھسلن اس سانحے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ماحولیاتی بہتری کیلئے کاروان فاؤنڈیشن کی بڑی شجرکاری مہم
حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی جبکہ والدین اور علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول ٹرانسپورٹ کی حالت، ڈرائیورز کی تربیت اور سڑکوں کی بہتری پر فوری توجہ دی جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔