اسلام آباد:وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں فارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں ان اراکین کی رائے لی جائے گی جو پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر پارٹی کو چھوڑ چکے ہیں اور حکومت کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی زیر غور آئے گی اور وزراء کے سامنے نئی سیاسی جماعت کے قیام کی تجویز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) یا پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
موجودہ صورتحال کے تناظر میں مسلم لیگ ن کے پاس وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے حلقے سمیت کئی حلقوں میں نئے ارکان کی گنجائش محدود ہے۔ لیپہ ویلی، حلقہ نمبر 7 دیوان علی خان اور باغ سے منتخب میر اکبر کو ن لیگ واپس لے سکتی ہے، تاہم مجموعی طور پر پارٹی میں گنجائش کم نظر آتی ہے۔
اس کے برعکس، پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس میرپور سے لے کر لیپہ ویلی تک کئی حلقوں میں الیکٹ ایبلز کے لیے جگہ موجود ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق زیادہ تر وزراء کا اگلا ممکنہ سیاسی ٹھکانہ پیپلز پارٹی بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برہان وانی شہید کا نواں یوم شہادت کل ’’یوم مزاحمت کشمیر‘‘ کے طور پر منایا جائے گا
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف فارورڈ بلاک کے 21 اراکین اسمبلی کے خلاف باضابطہ ریفرنس اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پاس جمع کرا چکی ہے۔ ان ریفرنسز میں ان اراکین پر پارٹی پالیسی سے انحراف اور حکومتی بنچز پر بیٹھنے کے الزامات شامل ہیں۔