ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری، ہنگامی الرٹ جاری

ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے۔ اس دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق صوبے کے کئی شہروں میں بارشوں کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے۔ اسی حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ کے مختلف اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی اور تھرپارکر میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور بارشوں کی اطلاع دی گئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ موجود ہے۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر، خصوصاً بالائی علاقوں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے۔ شہریوں کو موبائل میسج کے ذریعے پیشگی اطلاع دینے کا نظام بھی فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے، موسیٰ خیل میں مکانات منہدم، 3 افراد زخمی

این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top