مون سون کا آغاز! بارشوں سے جڑواں شہر جل تھل

ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔

آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ مظفرآباد اور گردونواح میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ وادی لیپہ کے علاقوں میں بارش کے بعد بالائی مقامات پر موسم سرد ہونے لگا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے برسنے والی تیز بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ شہر میں اب تک 68 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے لگے ہیں۔ گجرات اور گوجر خان میں بارش ہوئی جبکہ لاہور میں گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں متوقع ہیں۔ پنجاب میں بارشوں کی شدت زیادہ ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہےجس کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے میں سرمایہ کاروں کی واپسی: ایک سال بعد پانچ بڑی کمپنیاں میدان میں!

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

Scroll to Top