اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کو ’انتہائی خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کسی بھی وقت بے قابو ہو سکتی ہے، جس کے سنگین نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں ایران کے خلاف امریکا کے حالیہ فضائی حملوں پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو “بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں یہ تنازع تیزی سے بےقابو ہو سکتا ہے۔
I am gravely alarmed by the use of force by the United States against Iran today. This is a dangerous escalation in a region already on the edge – and a direct threat to international peace and security.
There is a growing risk that this conflict could rapidly get out of…
— António Guterres (@antonioguterres) June 22, 2025
ان کا کہنا تھا کہ “میں ایران کے خلاف آج امریکا کے طاقت کے استعمال پر شدید تشویش میں مبتلا ہوں۔ یہ عمل خطے کے عام شہریوں، عالمی استحکام اور عالمی امن کے لیے تباہ کن نتائج لا سکتا ہے۔” انتونیو گوتیرش نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اپنی ذمہ داریاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت پوری کریں۔
یہ بھی پڑھیں: “وعدہ پورا ہوا” نیتن یاہوکا ایران پر امریکی حملے پر ردعمل
سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ “اس نازک لمحے میں ضروری ہے کہ ہم افراتفری کے دائرے کو توڑیں۔ اس تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، واحد راستہ سفارتکاری ہے اور واحد امید امن ہے۔”