ملک بھر میں جاری بارشوں کے سلسلے نے جہاں بالائی علاقوں میں موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، وہیں زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، مٹی کے طوفان اور تیز ہواؤں نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مظفرآباد اور گردونواح میں صبح کے وقت ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر اور شام کے اوقات میں مزید بارش کا امکان ہے۔ ادھر اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم، زیریں سندھ کے حالات اس کے برعکس ہیں، جہاں طوفانی ہواؤں، مٹی کے طوفان اور شدید بارشوں نے شہری و دیہی علاقوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
گولارچی میں رات بھر چلنے والے مٹی کے طوفان کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور بجلی کا نظام مکمل طور پر معطل ہو گیا۔ کئی دیہی علاقوں سے بجلی کے کھمبے گرنے اور چھتیں اڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
حیدرآباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، شہر اور گردونواح میں شدید آندھی اور طوفانی ہواؤں نے درجنوں درخت، سائن بورڈز، بجلی کے کھمبے اور سولر پینل زمین بوس کر دیے۔ ٹنڈو محمد خان روڈ پر درجنوں پول گرنے اور تاریں ٹوٹنے کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ حیسکو کے 148 میں سے 140 فیڈرز بند ہو چکے ہیں، جس کے باعث حیدرآباد اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی میں کمی کی کوشش، ایرانی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے
میرپورخاص میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے، جہاں گرد آلود ہواؤں اور طوفانوں نے شہری و دیہی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے اور لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بیماریوں اور دیگر مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کراچی میں بھی موسم بدل چکا ہے اور بادل چھا چکے ہیں۔ کسی بھی وقت بارش شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔