راولاکوٹ: سنگولہ ہائر سیکنڈری سکول ایک بار پھر راکھ کا ڈھیر بن گیا

راولاکوٹ :ضلع پونچھ کی تحصیل راولاکوٹ کے نواحی علاقے سنگولہ میں قائم گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ایک بار پھر تباہی کا شکار ہو گیا۔ گذشتہ شب نامعلوم وجوہات کی بنا پر لگنے والی آگ نے سکول کی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق آگ سے سکول کا تمام فرنیچر، ریکارڈ، کمپیوٹرز، لیبارٹری کا قیمتی سامان، لائبریری کی کتب، لکڑی کا سامان اور دیگر اشیاء مکمل طور پر خاکستر ہو چکی ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ وہی عمارت ہے جو 2005 کے زلزلے میں مکمل تباہ ہونے کے بعد عوامی تعاون سے ازسرنو تعمیر کی گئی تھی۔

تاحال آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ضلعی محکمہ تعلیم پونچھ کے حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آج جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد ہی اس سانحے کی وجوہات اور ممکنہ محرکات سے پردہ اٹھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر لبریشن سیل کے نام پر اپنے لوگوں کو نوازا گیا، راجہ امجد علی خان کا انکشاف

علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور سکول کی فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ طلبہ کا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔

مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔