راولا کوٹ میں گھروں کے اندر سے کالعدم ایکشن کمیٹی کے غنڈوں کی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ

 تازه‌ ترین اطلاعات کے مطابق،کالعدم ایکشن کمیٹی سے منسلک مسلح عناصر اور غنڈے اب عام شہریوں کے گھروں کے اندر سے سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر رہے ہیں۔

عوام کو درپیش شدید مشکلات، آمدورفت میں خلل اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے جب پولیس نے پیش قدمی کی تو روڈ بلاک ہٹانے کے دوران مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس پریس ریلیز اور ذرائع کے مطابق دھرنے کے شرکاء میں ماہر اور مسلح افراد موجود تھے جنہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس کو بھی کارروائی کرنا پڑی۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں پولیس اہلکاروں اور مظاہرین سمیت 1 سے 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باغ:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا ختم، سڑکیں بحال، جتھا فرار

سوشل میڈیا پروپیگنڈا کا بے نقاب ہونا اور دھرنے کی حقیقت:

دوسری جانب، اس تمام واقعے کو جواز بنا کر کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شدید، بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا مہم شروع کر دی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے پھیلائے جا رہے ہیں اور پولیس پر یکطرفہ فائرنگ کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، جبکہ حقیقت میں مسلح عناصر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدف بنا رہے ہیں اور گھروں کی چھتوں و اندرونی حصوں سے فورسز پر فائرنگ کر کے علاقے کا امن و امان تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکام اور انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی حقوق کے نام پر مسلح انتشار، قانون شکنی اور شہریوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور من گھڑت خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ علاقے میں معمولاتِ زندگی اور امن کی بحالی کے لیے آپریشن اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔