بھمبر (25 دسمبر 2025): صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے بھمبر میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام “کشمیر بنے گا پاکستان ورکرز کنونشن” سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے تمام قائدین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سردار عتیق نے کہا کہ قائداعظم کی مومنانہ فراست اور ولولہ انگیز قیادت سے پاکستان معرض وجود میں آیا اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ قائداعظم کے بتائے ہوئے اصولوں کو رہنما اصول بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ قائداعظم نے پورے ہندوستان میں مسلم لیگ قائم کی جبکہ ریاست جموں وکشمیر میں مسلم لیگ کو اپنی جماعت قرار دیا۔ سردار عتیق نے قائداعظم کے بیان کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا، “خوش قسمت ہے وہ قوم جس کی قیادت چوہدری غلام عباس کر رہے ہیں”، اور قائداعظم نے چوہدری غلام عباس کو اپنا سیاسی جانشین مقرر کیا۔
سردار عتیق نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس اس رشتے کو قائم رکھے گی اور مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے مفادات اور جنوبی ایشیا کے مستقبل کے نقطہ نظر سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے دفاع اور سلامتی سے جڑا ہوا ہے اور پاکستان کے دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سردار عتیق نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام خوش قسمت ہیں کہ قدرت نے ان سے 25 کروڑ اہل پاکستان کی حفاظت کا کام لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے بھارت کے 12 کے قریب طیارے مار گرائے، فوٹیجز صرف 8 کی سامنے آئیں،سردار عتیق خان
انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن مذاکراتی حل کے بغیر جنوبی ایشیا کے مستقبل کو محفوظ نہیں کیا جا سکتا۔ سردار عتیق نے کہا کہ خودمختار کشمیر کا نظریہ آزادی ہند کے اصولوں سے متصادم ہے اور کشمیر کے کسی ایک حصے کی خودمختاری تقسیم ہند کے اصولوں سے انحراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے ساتھ ہی تقسیم کشمیر کی سازشیں شروع ہو گئی تھیں اور مشرقی پاکستان کے بنگلہ دیش بننے کے بعد ان سازشوں میں اضافہ ہوا۔ سردار عتیق کے مطابق، تقسیم کشمیر کا اصل منصوبہ ہندوستان کی جانب سے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے شملہ معاہدے کو مسئلہ کشمیر کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بین الاقوامی مسئلہ دوطرفہ مسئلہ بن گیا۔ سردار عتیق نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے اسرار کے باوجود مجاہد اول نے شملہ معاہدے میں شامل ہونے سے انکار کیا۔
سردار عتیق نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کے بلند ہونے کی مثال قرار دیا اور کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پوری دنیا میں مسلح افواج پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جس کی واضح مثال پاک سعودی دفاعی معاہدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش سمیت دنیا کے مختلف ممالک بھی آنے والے وقتوں میں پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پیرا میڈیکل اداروں کے لیے ہائی کورٹ آزاد کشمیر کی سخت ہدایات جاری
آخر میں سردار عتیق نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والے ہر خطرے کا موثر علاج پاکستان کا مضبوط دفاع ہے اور مسلح افواج پاکستان ان خطرات کا مؤثر علاج فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کی سہولت کاری ہمارے لیے قابل فخر ہے۔




