نفرت انگیز تقریر پر کارروائی: راجہ غلام مجتبٰی کی گرفتاری پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا ردعمل

مظفرآباد :جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے راجہ غلام مجتبٰی کی گرفتاری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق راجہ غلام مجتبٰی کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

شعبہ نشر و اشاعت، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق، راجہ غلام مجتبٰی نے اپنا مؤقف دوٹوک اور واضح انداز میں پیش کیا تھا، اور ان کی گرفتاری ناقابل فہم ہے۔ کمیٹی نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر راجہ غلام مجتبٰی کے ساتھ کسی بھی غیر قانونی طریقے سے زیادتی کی گئی تو وہ ریاست گیر احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن راجہ غلام مجتبٰی اور سجاد افضل کی تقاریر میں نفرت انگیز بیانات شامل تھے جن کا مقصد عوام میں انتشار پھیلانا اور بغاوت پر اکسانا تھا۔ اسی بنیاد پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں درج دفعات کے تحت ریاست کے خلاف نفرت انگیزی، اشتعال انگیز تقاریر اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

ادھر وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ریاستی ادارے عوام کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوامی حقوق کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ریاستی ادارے اس معاملے میں مکمل چوکس ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

Scroll to Top